فلسطینی حکومت کے ترجمان ابراہیم ملحم نے بتایا کہ فلسطین میں کرونا کا شکار افراد کی تعداد میں مزید چھ کا اضافہ ہوا ہے جس کےبعد کرونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 98 سے بڑھ کر 104 ہوگئی ہے۔
ابراہیم ملحم نے ایک بیان میں کہا کہ شمال مغربی بیت المقدس میں قطنہ کے مقام پر کرونا کے مزید 5 مریض سامنے آئے ہیں۔ ان میں ایک گیارہ سالہ بچی، تین خواتین شامل ہیں۔ ان کی عمریں 30 سے 50 سال کے درمیان ہیں۔
فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی علاقوں میں کرونا وائرس کے باعث ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا تھا۔ فلسطین میں کرونا کی وجہ سے تعلیمی ادارے ایک ماہ کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ریستوران ، کیفے ، جم ، شادی ہال اور عوامی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
ان احتیاطی تدابیر کے تحت بیت المقدس شہر میں مساجد اور گرجا گھروں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔