اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے عیسویہ میں فلسطینی نوجوانوں کی طرف سے قابض دشمن کے خلاف جوابی حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ فلسطینی عوام میں مزاحمت زندہ ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کےترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے طاقت کے استعمال کے تمام تر حربوں کے باوجود فلسطینی قوم میں مزاحمت کی روح زندہ اور پوری قوت سے موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ القدس میں عیسویہ کے مقامی فلسطینی باشندوں نے صہیونی ریاست کی جارحیت اور دشمنی کے خلاف بھرپور مزاحمت کا ثبوت پیش کیا ہے۔ عیسویہ کے باشندوں نے ثابت کیا ہے کہ فلسطینی قوم میں دشمن کو اپنے وطن سے نکال باہر کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم کی مسلسل جدو جہد بالآخر مقبوضہ بیت المقدس کو قابض صہیونی دشمن کےقبضے اور ناجائز تسلط سے آزاد کرانے پر منتج ہوگی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے عیسویہ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں صہیونی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا۔