چهارشنبه 30/آوریل/2025

حماس کے وفد کا دورہ مصر، اسماعیل ھنیہ آج ماسکو روانہ ہوں گے

پیر 2-مارچ-2020

اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کا غزہ کی پٹی سے اعلیٰ اختیاراتی وفد کل اتوار کے روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچا ہے۔دوسری طرف جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ روس کے دارالحکومت ماسکو روانہ ہوں گے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بتایا کہ حماس کا وفد دو طرفہ تعلقات اور رابطوں کے فروغ کے لیے قاہرہ پہنچا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حماس قضیہ فلسطین اور قومی مفادات کی کامیابی کےحوالے سے  مصر کو غیرمعمولی اہمیت دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حماس کے سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی کی سربراہی میں جماعت کا وفد قاہرہ پہنچا ہے۔ یہ دورہ مصر اور حماس کے درمیان رابطوں کا تسلسل ہے۔ حال ہی میں مصر کے ایک سیکیورٹی وفد نے غزہ کا دورہ کیا تھا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مصر غزہ کی پٹی پرعاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کو ختم کرنے اور محصورین غزہ کی مشکلات کم کرنے میں مدد کرسکتا ہے۔

ادھر ایک دوسری پیش رفت میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ آج روس کے دارالحکومت ماسکو روانہ ہو رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہےکہ حماس کے وفد کے دورہ روس کا مقصد قضیہ فلسطین کے لیے عالمی برادری اور فلسطینیوں کی حمایت کرنےوالے ملکوں کی مدد حاصل کرنا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسماعیل ھنیہ اپنے دورہ روس کے دوران ماسکو میں حکام سےملاقاتیں کریں گے اور ان کے ساتھ قضیہ فلسطین کو درپیش خطرات اور امریکا کے سنچری ڈیل منصوبے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بات چیت کریں گے۔

مختصر لنک:

کاپی