پنج شنبه 01/می/2025

اسلامی جہاد کے رہ نما کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات

منگل 18-فروری-2020

اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ نے گذشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاری جانی سے ملاقات کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہ نمائوں نے دو طرفہ تعلقات، فلسطین اور خطے کی موجودہ صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔

اسلامی جہاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں‌کہا گیا ہے کہ النخالہ اور علی لاری جانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کو درپیش مشکلات اور فلسطینیوں کے خلاف ہونے والی عالمی استعماری سازشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعے پر علی لاری جانی نے کہا کہ ایران فلسطینی قوم کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی نئی چالوں کو سمجھتا ہے اور انہیں ناکام بنانے کے لیے ہرممکن مدد اور تعاون جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران غرب اردن اور القدس کو فلسطینی اراضی کا حصہ سمجھتا ہے اور اس حوالے سے اپنا موقف تبدیل نہیں‌کرے گا۔ انہوں نے فلسطینی قوم کے حقوق کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے عرب ممالک اور مسلم امہ میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔

علی لاری جانی نے فلسطینی قوم کی نمائندہ جماعتوں کے درمیان اتحاد اور اتفاق کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران فلسطینی قوم کی آزادی اور مزاحمت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

مختصر لنک:

کاپی