فلسطین میں مساجد میں نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے لیے جاری ‘فجر عظیم’ مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس مہم پر فلسطینی قیادت کی طرف سے مثبت اور اطمینان بخش رد عمل سامنے آیا ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سینیررہ نما اور ممتازعالم دین الشیخ زیاد غربیہ نے فجر عظیم کی کامیابی پر فلسطینی قوم کو اور پوری مسلم امہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فجر عظیم مُہم نے نہ صرف مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی میں نمازیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے بلکہ فلسطین بھر کی مساجد نمازیوں سے بھر گئی ہیں۔ اس بابرکت مہم نے فلسطینی قوم کو بیدار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فجر عظیم جیسی عظیم الشان مہم نے صہیونی ریاست کی القدس اور مسجد اقصیٰ کو یہودیانے کی سازشیں بری طرح ناکام بنا دی ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطین میں تین ماہ قبل فجر عظیم کے عنوان سے شروع ہونے والی مہم آج دوسرے عرب ممالک اور ترکی سمیت کئی دیگر مسلم ملکوں تک پھیل چکی ہے۔ فلسطین میں شروع ہونے والی اس مہم کا مقصد مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی میں نمازیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا تھا۔ بالخصوص اس مہم کے ذریعے نماز فجر میں مسلمانوں کی زیادہ سے زیادہ حاضری کو یقینی بنانا ہے۔