مشرق وسطیٰ کے لیے امریکا نام نہاد امن منصوبے ‘صدی کی ڈیل’ پر ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سنچری ڈیل سراسر غیر منصفانہ اور ناقابل قبول ہے۔ اس پلان میں لاکھوں فلسطینیوں کے حقوق کو پامال کیا گیا۔ امریکا کے منصوبے کے نتیجے میں فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کی نسل پرستی کے جرائم کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے القدس پارلیمنٹیرینز ایسوسی ایشن کی تیسری سالانہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ کے لیے پیش کردہ "امن منصوبہ” کبھی بھی خودمختار فلسطینی ریاست کا ذریعہ نہیں بن سکےگا۔ ملائیشیا امریکی منصوبے کو بالکل ناقابل قبول اور غیر منصفانہ قرار دیتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکی منصوبہ مشرق وسطیٰ میں حالات کو ٹھیک کرنے کے بجائے معاملات کو مزید خراب کرنے کا موجب بنے گا۔امریکی منصوبے میں دنیا کے کروڑوں مسلمانوں اور عیسائیوں کے جذبات کو پوری طرح نظرانداز کرتے ہوئے اسرائیلیوں کو سونے کی ایک پلیٹ میں القدس شہر فراہم کردیا گیا۔ اس نے مسلم اور عیسائی دنیا کو بری طرح مجروح کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں مزید تنازعات لائے گا۔ دنیا بھر کے اربوں لوگوں کو مشتعل کرے گا۔ یہ امریکا اور اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں سے مشورہ کیے بغیر تجویز کردہ یکطرفہ اعلان اور غیر منصفانہ فیصلہ ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ منصوبہ صرف اسرائیل کے ارض فلسطین پر ناجائز تسلط کو مزید مضبوط کرے گا جبکہ مظلوموں کے حقوق کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔ فلسطینی قوم سات دھائیوں سے اپنے حقوق کے لیے لڑ رہی ہے۔ امریکا نے آج ایک بار پھر فلسطینی قوم کے ساتھ انصافی کرکے اسے مایوس کیا ہے۔
مہاتیر محمد نے کہا کہ فلسطینی قوم کی دگر گوں حالت عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ جب تک فلسطینی قوم کو اس کے اصولی اور مسلمہ حقوق نہیں ملتے اس وقت تک خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ آج ہفتہ کو ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں "پارلیمنٹیرین فار یروشلم” ایسوسی ایشن کی تیسری کانفرنس کا افتتاح ہوا ، جس میں متعدد ممالک کے پارلیمنٹز، اسپیکرز اور سیاسی رہ نمائوں سمیت500 سے زائد بین الاقوامی پارلیمنٹیرینزشریک ہیں۔ دو روز تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں عالمی رہ نما مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق کے حوالے سے اپنے خیالا کا اظہارکریں گے۔