کل جمعہ کے روز اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کی اپیل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد امن منصوبے ‘صدی کی ڈیل’ کے خلاف فلسطین بھر میں احتجاجی مظاہرے اور جلسے جلوس نکالے گئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد لاکھوں افراد نے امریکی صدر کے مشرق وسطیٰ منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، امریکی صدر کے خلاف نعروں پرمشتمل بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ جلوسوں سے خطاب میں حماس اور دیگر فلسطینی رہ نمائوں نے امریکی اور صہیونی سازش کو مسترد کردیا۔
غزہ میں ٹرمپ کے منصوبے صدی کی ڈیل کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی سے خطاب میں حماس رہ نما طاہرالنونو نے کہا کہ فلسطینی قوم، مزاحمتی قوتیں اور آزادی پسند اقوام امریکی سازش کو آگے نہیں بڑھنے دیں گی۔
ادھرغرب اردن کے مختلف شہروں میں بھی حماس کی اپیل پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔