امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبے پر عالمی سطح پر سخت رد عمل جاری ہے۔ سوڈان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت نیشنل کانگرس نے امریکی منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صریح جانب دارانہ قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوڈان کی نیشنل کانگرس کی طرف سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی امن منصوبے میں فلسطینی قوم کے تاریخی، آئینی اور مسلمہ حقوق کو بری طرح پامال کیا گیا۔
حسن الترابی کی قیادت میں قائم جماعت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی منصوبے میں صرف اسرائیل کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی اور اس کوشش میں اقوام متحدہ کی قرارداوں، تنازعات کے حل کےحوالے سے بین الاقوامی قوانین اور فلسطینیوں اور اسرائیل کےدرمیان تنازع کے حل کے لیے پیش کردہ دیگر فارمولوں سے انحراف کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے حق خود اردایت کی نفی، مشرقی بیت المقدس پرمشتمل سنہ 1967ء کی سرحدوں میں فلسطینی ریاست کےقیام اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حق وپسی کی نفی پرمبنی امریکی امن منصوبہ امن وآشتی کے بجائے تباہی اور بربادی کا موجب بن سکتا ہے۔