اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے وفد نے ملائیشیا کے دورے کےدوران اسلامک پارٹی کے سربراہ الشیخ عبدالھادی اوانگ سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی قیادت اور ملائیشیا کی اسلامی پارٹی کے سربراہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، سرائیلی ریاست کے فلسطینیوں کے خلاف جرائم اور فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق غصب کرنے کی صہیونی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا۔
حماس رہ نما نے ملائیشیا کے مذہبی اور سیاسی رہ نما کو القدس، مسجد اقصیٰ المبارک، القدس کو یہودیانے، غرب اردن میں فلسطینی اراضی غصب کر نے ، غزہ کی پٹی اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری دہشت گردی پر بریفنگ دی۔
اسماعیل ھنیہ نے الشیخ عبدالھادی سے ملاقات کے دوران ملائیشیا کی طرف سے فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کی تحسین کی اور ملائیشیا کی حکومت، مذہبی اور سیاسی جماعتوں اور عوام کی طرف سے فلسطینیوں کی ہر فورم پر حمایت پران کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقعے پرالشیخ عبدالھادی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کی عوام اور حکومت فلسطینی قوم کےساتھ ہیں اور اسرائیلی ریاست کے جرائم کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے۔