قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے خطرناک بیماری کا شکار ایک سابق فلسطینی اسیر کو حراست میں لے لیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے رام اللہ کےقریب ایک کارروائی کے دوران بلال محمد استیتی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
خیال رہے کہ استیتی کو کچھ ہی عرصہ قبل جیل سے رہا کیا گیا تھا اور خطرناک مرض کی وجہ سے اسے سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جانے کی اجازت دینے کی اپیلیں کی گئی تھیں مگر صہیونی حکام نے اسے علاج کے لیے اندرون فلسطین جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔
بلال استیتی پانچ سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔ وہ گردے اور جگر کی امراض کا شکار ہیں۔