جمعه 15/نوامبر/2024

ڈیوڈ فریڈ من کا غرب اردن سے متعلق بیان فلسطینی قوم پر حملہ ہے: حماس

ہفتہ 11-جنوری-2020

اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ اگلے مرحلے میں مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل کا حصہ تسلیم کرنےکا اعلان کرے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں اسرائیل میں امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین کے بیان کو فلسطینی قوم پرحملے کے مترادف قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر کے غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس اور وادی گولان سے متعلق الفاظ شرمناک  اور فلسطینی قوم پر اسرائیلی ریاست کی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

حماس کا کہنا ہے کہ امریکا قضیہ فلسطین کے تمام اہم پہلوئوں کو ختم کرنے کے لیے صہیونی ریاست کی مدد کررہا ہے۔ امریکا صہیونی ریاست کے جرائم کی پردہ پوشی کرتے ہوئے صہیونی دشمن کے مفادات کے دفاع میں بے گناہوں کا خون بہانے سے بھی گریز  نہیں کررہا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے سلب شدہ وطن اور حقوق کےحصول کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔ فلسطینی قوم اپنے حقوق کےحصول میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

خیال رہے کہ اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکا غرب اردن کو اسرائیل کاحصہ قرار دینے کے لیے اہم اعلان کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ مرحلہ وار عرب علاقوں کو اسرائیل کا حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور وادی گولان کو اسرائیل میں ضم کرنے کےبعد اب غرب اردن کو بھی اسرائیل کا حصہ تسلیم کرنے کی کوشش کرے گی۔

مختصر لنک:

کاپی