اسلامی جمہوریہ ایرا ن کی سپاہِ پاسداران انقلاب نے عراق میں دو امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کرکے امریکی فوج کو بھاری جانی نقصان سے دوچار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق پاسداران انقلاب نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب عراق سے 800 کلو میٹر دور کرمان شاہ سے عراق میں الانبار کے عین الاسد اور اربیل میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے۔
ان دونوں فوجی اڈوں پر امریکی فوج کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ایران کی طرف سے امریکی فوجی اڈوں پر’القیام’ اور ‘الذوالفقار’ نامی بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے گذشتہ جمعہ کو بغداد میں امریکی کارروائی میں قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیتے ہوئے عین الاسد اڈے اور اربیل میں امریکی ایئربیس میزائل حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔
اس حملے کے بعد ایران نے مزید "تباہ کن رد عمل” کی دھمکی دی تھی۔ واشنگٹن نے عین الاسد اڈے پر بمباری میں امریکا کے متعدد طیارے تباہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ امریکا نے بھی جوابی کارروائی کی وارننگ دی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کے ایک سینیر عہدیدار نے کہا کہ عراق میں عین الاسد اڈے پر میزائل نے حملے کیے گئے ہیں تاہم اس حملے میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی طرف سے کیے گئے حملوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ حکام ان حملوں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو امریکی فوج نے عراق میں ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو میزائل حملے میں شہید کردیا تھا۔ اس وحشیانہ کارروائی میں عراقی کمانڈر ابو مہدی المہندس اور کئی دوسرے کمانڈر شہید ہو گئے تھے۔