قبرص کے سیکیورٹی حکام نے جمعرات کے روز ایک بس قبضے میں لینے کے ساتھ تین مشتبہ جاسوسوں کو حراست میں لیا ہے جن پر جدید مواصلاتی آلات سے لیس بس کے ذریعے اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایک اسرائیلی کی ملکیتی بس میں جاسوسی کےجدید ترین آلات لگائےگئے ہیں۔ یہ آلات ہرقسم کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والی مشینوں اور آلات تک رسائی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں دو مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔ ان پر قبرص کی سلامتی کوخطرے میں ڈالنے، شہریوں کی پرائیویسی میں دخل اندازی کرنے، جعلی دستاویزات حاصل کرنے اور وائرس لیس مواصلاتی آلات کے غیرقانونی استعمال سمیت 13 الزامات عاید کیے گئے ہیں۔
ملزمان کو کل جمعہ کے روز لارنکا شہر میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے انہیں مزید پوچھ تاچھ کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔
خیال رہے کہ جاسوس بس قبرص میں ٹرانسپورٹ کے لیے رجسٹرڈ’وائسپیر’ بس کمپنی کی ملکیت ہے اور اس کا ایگزیکٹو ایک سابق اسرائیلی انٹیلی جنس افسر ٹال ڈیلڈان ہے۔