اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے دوحا میں امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے وفد نے اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں امیر قطر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تزویراتی تعلقات، القدس، فلسطین میں یہودی آباد کاری، فلسطینی پناہ گزین، القدس اورقضیہ فلسطین کو درپیش چیلنجز اور فلسطینی کاز کو ختم کرنے کی سازشوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ حماس کے وفد نے امیر قطر اور دوحا حکومت کی طرف سے فلسطینیوں کی بے لوث مدد پرقطر کے کردار کو سراہا۔حماس کی قیادت نے باورکرایا کہ فلسطینی قوم اور حماس قطر کی فلسطینیوں کی حمایت پرمبنی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
قطرنے فلسطینی قوم کی مشکلات کم کرنے میں دل کھول کر مدد فراہم کی ہے اور حماس اور فلسطینی قوم قطر کی ان نوازشات کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
حماس کی قیادت اور امیر قطر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین میں متوقع پارلیمانی اور صدارتی انتخابات ۔ الیکشن کو کامیاب اور شفاف بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں، شہری آزادیوں کو مزید بہتر بنانے اور سیاسی شراکت اور جمہوریت کے فروغ کے لیے کی جانے والی مساعی پر تبادلہ خیال کیا۔
امیرقطر سے ملاقات کرنے والے حماس کے وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری، سیاسی شعبے کے ارکان ماھر صلاح، بیرون ملک حماس کے امور کے ذمہ داری، سیاسی شعبے کے رکن موسیٰ ابو مرزوق، نزار عوض اللہ اور عزت رشق بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ اسماعیل ھنیہ توار کی شام بیرون ملک دورے کے تیسرے پڑائو پرترکی سے قطر پہنچے تھے۔ دوحا میں حماس کے وفد کا استقبال جماعت کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل اور دیگر قائدین نے کیا۔