فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر ملائیشیا کے کئی شہروں میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں، تقریبات اور پروگرامات منعقد کیے گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ملائیشیا کی سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے’غاصب صہیونیوں فلسطین سے نکل جاو’ کے عنوان سے کئی شہروں میں ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔
ملائیشیا کے انتظامی دارالحکومت پتراجایا میں گذشتہ روز نکالی جانے والی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھےجن پر فلسطینیوں کی حمایت اور صہیونی ریاست کے جبرو تشدد کےخلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے صہیونی ریاست کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
مظاہرین ایک مارچ کی شکل میں پتراجایا میں اقوام متحدہ کے دفتر تک آئے جہاں انہوں نے یو این کے مندوبین کو ایک یاداشت بھی پیش کی جس میں فلسطینیوں کے غصب شدہ حقوق کے حصول کی کوششوں کی حمایت اور اسرائیلی جرائم کی مذمت کی گئی تھی۔
اناطولیہ نیوز ایجنسی کے مطابق مظاہرین نے ‘ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں’، فلسطین کو بچاو اور ملائیشیا کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں کے نعرے لگائے۔
مظاہرین کی طرف سے ملائیشیا میں اقوام متحدہ کے رابطہ کار اسٹیفن بریزنر کو ایک یاداشت پیش کی جس میں فلسطینیوں کےخلاف اسرائیلی ریاست کے جبرو تشدد کی مذمت اور اقوام متحدہ کی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ملائیشیا کے دوسرے شہروں میں بھی فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کےموقع پر ریلیوں اوردیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔