فلسطینی شہروں میں ہونے والے مظاہروں اور ریلیوں میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیرقانونی نہیں سمجھتا۔
امریکی وزیر خارجہ کے بیان اور فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے خلاف نکالی جانے والی ریلیوں پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ تشدد کیا۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق رام اللہ کے نواحی علاقے البیرہ میں بیت ایل چوکی کے قریب اسرائیلی فوج نے فلسطینی ریلی پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں 33 فلسطینی زخمی ہوگئے جب کہ 15 فلسطینی بیت لحم میں نکالی گئی ایک ریلی پرفائرنگ سے زخمی ہوئے۔
مشرقی بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام پر 13، الخلیل اور طولکرم میں 2 اور جنوبی نابلس میں 14 فلسطینی زخمی ہوئے۔