فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسط میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 فلسطینی شہید اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔ قابض فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں متعدد فلسطینی مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں البرکہ کے مقام پر’ابو ملحوس’ نامی فلسطینی شہری کے گھر پر میزائل برسائے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے کم سے کم 8 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔
عبرانی ویب سائٹ’0440′ کے مطابق دیر البلح کے مغرب میں اسرائیلی فوج نے اسلامی جہاد کے رہ نما رسمی ابو ملحوس کو قاتلانہ حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 8 فلسطینی شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔
شہداء میں رسمی ابو ملحوس، یسری ابو ملحوس، مریم ابو ملحوس، معاذ ابو ملحوس، وسیم ابو ملحوس، مہند ابو ملحوس اور دو بچے شامل ہیں۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران اب تک 34 فلسطینی شہید اور 111 زخمی ہوچکے ہیں۔