تیونس نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پراسرائیلی حملہ ننگی جارحیت ہے۔ ہم اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی قوم کو صہیونی ریاست کی جارحیت سے نجات دلائے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تیونسی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کے علاقےغزہ شام اور دیگر عرب ممالک میں اسرائیلی ریاست کے وحشیانہ حملے ناقابل قبول ہیں۔فلسطینیوں اور عرب اقوام کے خلاف اسرائیلی ریاست کے حملے مجرمانہ اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسرائیلی ریاست کو فلسطینی قوم پرمظالم ڈھانے سے باز رکھنے لیے اقوام متحدہ کو فوری حرکت میں آنا چاہیے۔
بیان میں کیا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ، بیت المقدس شریف اور پورا فلسطین پوری مسلم امہ اور عرب ممالک کے مرکزی حصے ہیں۔ ان سےکسی صورت میں دست بردار نہیں ہوسکتے۔
تیونسی حکومت نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم کے خلاف صہیونی ریاست کی جارحیت کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پورے کرے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی کل منگل کے روز سے اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جارحیت کے نتیجے میں اب تک کم سے کم ایک درجن فلسطینی شہید اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔