قابض صہیونی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں 500 دونم فلسطینی اراضی پرقبضے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قبل ازیں قابض فوج نے غرب اردن کےشمالی شہر نابلس میں 124 دونم فلسطینی اراضی پرقبضے کا حکم دیا تھا۔
مشرقی بیت المقدس میں حزما قصبے کے فلسطینی میئر مسم ابو حلو نے کہا کہ صہیونی حکام نے ‘آدم’ یہودی کالونی کے بالمقابل فلسطینیوں کی 500 دونم اراضی پرقبضے کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی اراضی پرقبضے کا مقصد فلسطینی سرزمین کی قیمت پر صہیونی آباد کاری کو توسیع دینا ہے۔
حزما قصبے کے اطراف میں 4 یہودی کالونیاں قائم ہیں۔ یہ علاقہ غرب اردن کو شمال میں القدس سے ملاتا ہے اور القدس میں داخلے کا ایک راستہ ہے۔
قبل ازیں قابض صہیونی فوج نے نابلس میں مجد بنی فاضل اور دوما کے مقامات پر فلسطینیوں کی 124 دونم اراضی پرقبضے کا اعلان کیا تھا۔
فلسطینی سماجی کارکن اور یہودی آباد کاری کے امور کے ماہر غسان دغلس نے بتایا کہ اسرائیلی حکام نابلس میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع کے لیے بڑے پیمانے پر فلسطینی اراضی کو قبضے میں لینے کی کوشش کررہے ہیں۔