اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایک بارپھر ایران پر حملے کی دھمکی دی ہے۔ نیتن یاھو کی طرف سے یہ دھمکی ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب لبنانی ملیشیا حزب اللہ نے اسرائیل کے ایک ڈرون طیارے کو طیارہ شکن میزائل سے نشانہ بنایا۔
بری فوج کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ جب سے ایران نےامریکی ڈرون طیارے کو مار گرائے جانے کے بعد رد عمل ظاہر نہ کرنے سے ایران مزید جری اور بے باک ہوگیا ہے۔
نیتن یاھو نے کہا کہ ہم اپنا دوسرا گال ایران کے طمانچے کےلیے تہران کے آگے نہیں کریں گے۔ ہم ایران کی طرف سے درپیش چیلنجز سے نمٹںے کے لیے تیار ہیں۔ ہم ایران پر طاقت کے استعمال سے ایک لمحے کے لیے بھی گریز نہیں کریں گے۔ جو ملک ہمارے خلاف جارحیت کرے گا اس کا پوری جرات کےساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شام، لبنان، عراق، غزہ اور یمن کے علاقے اسرائیل کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں مگر اسرائیل ہرسطح پر ملک کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز لبنانی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ اس ڈرون کو طیارہ شکن میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔