قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 18 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ گذشتہ دو روز سے جاری کریک ڈائون میں گرفتارفلسطینیوں کی تعداد پچاس کے قریب پہنچ گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے تلاشی کے دوران غرب اردن سے 10 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان میں بعض مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار بھی شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے پہلے بھی چھاپے مارے جاتے رہے ہیں۔ یہ فلسطینی اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں پرحملوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتاہا کہ منگل کے روز اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں دو سگے بھائیوں کو حراست میں لیے لیا۔
ذرائع کے مطابق جنوبی بیت لحم سے اسرائیلی فوج نے کارروائی کے دوران 25 سالہ احمد خالد اللحام اور 19 سالہ محمد سلیمان الشاعر کو حراست میں لیا۔ اسی شہر میں تلاشی کے دوران دو سگے بھائیوں حیان ابراہیم طاطقہ اور 29 سالہ رداد کو ام سلمونہ کے مقام سے حراست میں لیا۔