اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے تیونس کے نو منتخب صدر سعید قیس سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں کامیابی اور تیونس میں جمہوری طریقے سے انتخابات کے انعقاد پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ھنیہ نے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے تیونس قوم کو جمہوری تجربے کی کامیابی پرمبارک باد پیش کی۔ انہوں نے نو منتخب صدر سعید قیس کے اس بیان کی بھی تحسین کی جس میں انہوں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو نارملائز کرنے کو بہت بری خیانت قرار دیا تھا۔ نیز انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران قضیہ فلسطین کو اپنے انتخابی ایجنڈے میں سر فہرست رکھا ہے۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ تیونس میں صدارتی انتخابات میں غیرمعمولی کامیابی پرپوری تیونسی قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔ انہوں نے تیونس کے نو منتخب صدر کی طرف سے قضیہ فلسطین کی جرات مندانہ حمایت کرنے اور فلسطینی قوم کے حقوق کے حوالے سے جاندار موقف اپنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقعے پر تیونس کے نو منتخب صدر قیس سعید نے کہا کہ ان کی قیادت میں تیونس فلسطینی قوم کے حقوق اوران کی آزادی کی جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گا۔