فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی میں انتظامیہ نے بیرون ملک سے الیکٹرانک سیگریٹس کی درآمد اور غزہ میں اس کی تیاری پر پابندی عاید کردی ہے۔
غزہ کی وزارت قومی معیشت نے اتوار کو الیکٹرانک سگریٹ کی درآمد اور تیاری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزارت اقتصادیات کے ترجمان عبد الفتاح ابو موسٰی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اس مواد کی سنجیدگی اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی بنیاد پر کیا ہے۔
ابو موسی نے بتایا کہ بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق الیکٹرانک سگریٹ کے نتیجے میں متعدد ممالک میں اموات ہوئیں۔
ابو موسی نے تصدیق کی کہ وزارت کے عملے نے دکانوں پر چھاپے مارے اور الیکٹرانک سگریٹ تیارکرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ خفیہ اداروں کی معاونت سے کی گئی اس کارروائی میں بڑی مقدار میں الیکٹرانک سگریٹ ضبط کی گئیں۔