جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیل سے ایندھن روکنے کےبعد غزہ کی صورت حال مخدوش ہے: یو این ایلچی

بدھ 28-اگست-2019

مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نیکولائے میلاڈینوف نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی موجودہ صورت حال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر غزہ کو ایندھن کی سپلائی بحال کرنے پر زور دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس سے خطاب میں یو این مندوب نے کہا کہ غزہ کے حالات انتہائی مخدوش ہیں۔ اسرائیل کی طرف سے غزہ کے ایندھن کی سپلائی محدود کرنے سے غزہ میں حالات مزید ابتر ہوئے ہیں۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں یو این ایلچی نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کی پٹی کو خام تیل فراہمی کی مقدار کم کرنے کے نتیجے میں غزہ میں بجلی کاایک نیا بحران پیدا ہو رہا ہے۔

یو این مندوب کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کو ایندھن کی سپلائی روکنے نتیجے میں غزہ کے اسپتالوں میں بجلی کی سہولت متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی ریاست کے یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کے منصوبوں کی بھی شدید مذمت کی اور القدس میں اسرائیلی کارروائیوں اور مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پربھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو القدس اورحرم قدسی کے حوالے سے اردن کے تاریخی کردار کا احترام کرتے ہوئے مقدس مقامات میں فلسطینی مسلمانوں اور عیسائیوں کی عبادت کے حق کوسلب نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ دو روز پیشتر غزہ کی پٹی سے میزائل حملوں کے دعوے کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو ایندھن کی سپلائی کم کردی تھی۔

 

مختصر لنک:

کاپی