فرانس کے صدر عمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تیار کردہ مشرق وسطیٰ کے امن منصوبے کا انتظار نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ‘صدی کی ڈیل’ منصوبے کا متبادل امن پروگرام تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امریکی صدر کے نام نہاد امن منصوبے میں فلسطینی قوم کی امنگوں کی ترجمانی نہیں کی گئی۔
صحافیوں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا فلسطینیوں اور اسرائیل پر ان کی مرضی کے خلاف کوئی فارمولہ مسلط نہیں کرسکتے۔ مذاکرات میں شامل گروپ جس حل پر متفق نہ ہوں اس پرعمل درآمد ممکن نہیں۔
صدر ماکروں کا کہنا تھا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے مشیروں کے امن منصوبے کا انتظار نہیں کریں گے بلکہ وہ متبادل تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سات بڑے صنعتی ممالک فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ، امریکا اور کینیڈا پر مشتمل ایک سربراہ کانفرنس پیرس میں منعقد ہوئی۔