فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جبل جالس کے مقام پر یہودی آباد کاروں نے ایک عمر رسیدہ فلسطینی شہری پرتشدد کیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ ‘خفات گال’ نامی ایک یہودی گروپ نے 70 سالہ فلسطینی شاکر الزور التمیمی پر تشدد کرنے کےساتھ اس کے اہل خانہ کو بھی زدو کوب کیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فلسطینی شہریوں اوریہودی آباد کاروں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ یہودی شرپسندوں کے وحشیانہ تشدد سے معمر فلسطینی زخمی ہوگیا۔
خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس میں یہودیوں کے لیے 503 یہودی بستیاں بسائی گئی ہیں۔ ان میں 474 کالونیاں غرب اردن اور 29 بیت المقدس میں قائم کی گئی۔ ان کالونیوں میں آباد کردہ یہودیوں کی تعداد 8 لاکھ سے زیادہ ہے اور یہ یہودی 46 فی صد رقبے پرقابض ہیں۔