امریکا نے صہیونی ریاست کے مظالم کی ایک بارپھر حمایت کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس میں وادی الحمص میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کے اسرائیلی اقدام کی مذمتی بیان جاری کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس میں صور باھر کی وادی الحمص کالونی میں فلسطینیوں کے مکانات کی اجتماعی مسماری کے خلاف کویت اور انڈونیشیا کے تعاون سے ایک مذمتی بیان کا مسودہ تیار کیا گیا تھا مگر امریکی مداخلت کی وجہ سے وہ بیان جاری نہیں کیا جاسکا۔ بیا کا مسودہ سلامتی کونسل کے 15 مستقل ارکان میں تقسیم کیا گیا جس میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری، فلسطینی ریاست کے منصفانہ حل کی کوششوں کو ناکام بنانے کی مذمت کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں منصفانہ اور دیر امن کے قیام پر زور دیا گیا تھا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارت کاورںنے بتایا کہ امریکا نے واضح کردیا تھا کہ وہ اسرائیل کی مذمت میں کسی بیان کی حمایت نہیںکرے گا۔ امریکی اعتراض پر بیان کے مسودے میں ترمیم کی گئی مگر اس کے باوجود اسے قبول نہیں کیا گیا۔