شنبه 16/نوامبر/2024

غزہ: فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی شیلنگ، 55 فلسطینی زخمی

ہفتہ 13-جولائی-2019

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر امن ہفتہ وار ریلیوں پر قابض صہیونی فوج نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق کل جمعہ کو غزہ کی پٹی میں مسلسل 66 ویں ہفتے کوغزہ کے محاصرے کے خلاف اور حق واپسی کے لئے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی مشرقی سرحد پر جمعہ کے اجتماع کے بعد ہونے والے پر امن مظاہروں پر اسرائیلی فوج کے طاقت کے استعمال کے نتیجے میں امدادی کارکنوں اور ایک صحافی سمیت کم سے کم 55 فلسطینی زخمی ہوگئے، 33 فلسطینی آنسوگیس کی شیلنگ اور دیگر گولیاں لگنےسے زخمی ہوئے۔

وزارت صحت کے مطابق  بعض فلسطینی براہ راست گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جب کہ درجنوں شہری دھاتی گولیوں اور آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ غزہ میں 30 مارچ 2018ء سے صہیونی ریاست کی طرف سے مسلط کی گئی ناکہ بندی کے خلاف اور حق واپسی کے لیے مظاہرے جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتی چلی آرہی ہے، جس کے نتیجے میں 300 فلسطینی شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں۔

درایں اثناء غرب اردن کے وسطی شہررام اللہ میں بعلین اور قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقامات پر فلسطینی شہریوں‌ نے یہودی آباد کاری اور نسلی دیوار کے خلاف ہفتہ وار مظاہرے کئے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر فائرنگ کی اورآنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی