قابض صہیونی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں فلسطینیوں کی 6 زیرتعمیر املاک گھروں اور مویشیوں کے باڑے کی تعمیر کا کام بند کرا دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج کی بھاری نفری نے دیوار فاصل کے قریب مغربی جنین میں رمانہ کے مقام پر چھاپہ مارا اور وہاںپر جاری 6 گھروں اور ایک مویشی باڑے کی تعمیر کا کام بندکردیا۔ قابض فوج نے دعویٰ کیا کہ ان مکانات اور دیگر املاک کی تعمیر کے لیے اسرائیلی حکومت سے اجازت نہیں لی گئی۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے زیر تعمیر مکانات کی تصاویر بنائیں اور اس کے بعد ان کے مالکان کو نوٹس دیے کہ وہ ان کی تعمیرات روک دیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ تمام املاک دو سگے بھائیوں علی اور عبدالرزاق، محمود یوسف ابو حماد، اکرم نجیب صبیحات، حسنی حسن حرزاللہ، اور یوسف اسعد الرفاعی کی ملکیت بتائی جاتی ہیں۔