فلسطینی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے صہیونی حکام کی طرف سے فلسطینی قیادت کے خلاف جاری منفی اور اشتعال انگیز صہیونی مہم کا ڈٹ کرمقابلہ کرنے پرزور دیا ہے۔ ان کا کہناہےکہ اسرائیلی حکام سینیر رہنما الشیخ حسن یوسف کا معنوی قتل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے خاندان کو بدنام کرکے فلسطینیوں کی تحریک آزادی اور مزاحمت کونقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ڈاکٹر احمد بحر نے غزہ میں ارکان پارلیمان کی طرف سے اسیر رہ نما الشیخ حسن یوسف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ صہیونی حکام الشیخ حسن یوسف کے منحرف بیٹے صہیب کاانٹرویو شائع کرکے ان کے خاندان اور دیگر مزاحمتی خاندانوں کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر احمد بحر نے کہا کہ الشیخ حسن یوسف قوم کی عزت وقار اور تحریک آزادی کی ایک زندہ علامت ہیں۔ انہوںنے زندگی کا بیشتر حصہ صہیونی زندانوں میںگذار دیا ہے۔ وہ فلسیطنی قوم کےلیے ایک ڈھال بن کر کھڑے ہیں۔
ڈاکٹراحمد بحر نے الشیخ حسن یوسف اور ان کے خاندان کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کسی ایک بچے کے منحرف ہونے کی بناء پرپورے خاندان کی کردار کشی نہیں کی جاسکتی۔ الشیخ حسن یوسف اور ان کے خاندان کو بدنام کرنے کے لیے صہیونی دن رات سرگرم ہیں۔