اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ سماعیل ھنیہ نے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور صدی کی ڈیل کے امریکی منصوبے کو مسترد کرنے اور مناما کانفرنس کے بائیکاٹ پر لبنانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے قضیہ فلسطین کوختم کرنے کی امریکی ۔ صہیونی سازشی منصوبے صدی کی ڈیل اور اس حوالے سے بحرین میں ہونے والی نام نہاد اقتصادی کانفرنس کے بائیکاٹ پرلبنانی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور بیروت کے جرات مندانہ موقف کو سراہا۔
لبنان میں حماس کے مندوب احمد عبدالھادی نے ایک بیان میں بتایا کہ صدی کی ڈیل اور مناما کانفرنس فلسطینی قوم کے حقوق میں افراط وتفریط کرنے کی سازشوں کا تسلسل ہیں۔ اس حوالے سے اسماعیل ھنیہ نے لبنانی موقف کو سراہا اور لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
لبنان میں حماس کے مندوب کا کہنا تھا کہ فلسطین ۔ لبنان مذاکرات کی بحالی کے لیے مثبت کوششیں جاری ہیں۔ توقع ہے کہ دونوںملکوںکی قیادت لبنان میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کے انسانی،سماجی اور اقتصادی حقوق کے لیے بات چیت کا جلد آغاز کرے گی۔
خیال رہے کہ 25 اور 26 جون کو مناما میں ہونے والی اقتصادی کانفرنس میں بعض عرب ممالک نے شرکت کی تھی تاہم لبنان نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔