اسرائیلی جیلوں میں قید اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے اسیران نے جماعت کے سرکردہ اسیر رہ نما الشیخ حسن یوسف کو بدنام کرنے کی مذموم صہیونی مہم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حماس کے اسیران کا کہنا ہےکہ الشیخ حسن یوسف قوم کے شیر ہیں اور ان کے اشارے پرہزاروں نوجوان اپنی جانیں دینے کوتیار ہیں۔
خیال رہےکہ صہیونی حکام نے الشیخ حسن یوسف کو یہ کہہ کر بدنام کرنے کی مذموم مہم شروع کی ہے جس میں ان کا خاندان اسرائیل کے خلاف مزاحمت میں ان کے ساتھ نہیں۔ ان کا ایک بیٹا مصعب منحرف ہوکراسرائیلیوں کے ساتھ مل چکا ہے۔
صیہونی ریاست کی اس مذموم مہم پرحماس کے اسیران نے الشیخ حسن یوسف کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اسیران کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ الشیخ حسن یوسف اور ان کے خاندان کی کردارکشی سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرلے گا۔ شکست ، مایوسی اور ناکامی صہیونیوں کا مقدر ہوگی۔ ہزاروں فلسطینی الشیخ حسن یوسف کواپنا ہیرو سمجھتے ہیں اور ان کے اشاروں پرجان دینے کو تیار ہیں۔
ادھر غرب اردن اور فلسطین کے دوسرے علاقوں میں الشیخ حسن یوسف کی حمایت اور ان کے یکجہتی کی مہم جاری ہے۔
الشیخ حسن یوسف کی کردار کشی کے خلاف فلسطینی عوامی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔