اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے کل جمعہ کو حکمران جماعت ‘فیوچر پارٹی’ کی قیادت سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہ نمائوں نے علاقائی صورت حال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ خیال رہے کہ دو روز قبل حماس کے وفد نے لبنانی وزیراعظم سعد حریری جو فیوچر پارٹی کے سربراہ بھی ہیں، سے بھی ملاقات کی تھی۔
لبنان میں حماس کے مندوب احمد عبدالھادی کی قیادت میں جماعت کے وفد نے بیروت میں لبنان کی حکمراں جماعت کی قیادت سے ملاقات کی۔ حماس کے وفد میں سیاسی شعبے کے رکن جہاد طہ، لبنان ۔ فلسطین تعلقات عامہ کے عہدیدار ایمن شناعہ اور دیگر موجود تھے۔ جب کہ فیوچر پارٹی کے وفد کی قیادت جماعت کے سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور احمد رشوانی نے کی۔
حماس کے مقامی دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوںجماعتوں کی قیادت نے علاقائی، عالمی امور اور فلسطین کی تازہ صورت حال کے علاوہ لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل پربات چیت کی۔