اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے وفد نے گذشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت میں لبنانی وزیراعظم سعد حریری اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ملاقات کی۔ بعد ازاں حماس کے وفد نے لبنان کے ڈائریکٹر جنرل سیکیورتی میجر جنرل عباس ابراہیم سے بھی ملاقات کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق کی قیادت میں جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے لبنانی قیادت سے ملاقات کی۔ وفد میں لبنان میں حماس کے مندوب اسامہ حمدان، احمد عبدالھادی اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے لبنانی قیادت سے صدی کی ڈیل اور لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
حماس کے وفد نے لبنانی قیادت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم، مسلم امہ اور عرب ممال نے صدی کی ڈیل کی امریکی سازش کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنے دیرینہ حقوق اور مطالبات کے لیے مزاحمت کی بنیاد پر ہر سطح پر کوششیں جاری رکھے گی۔
حماس کے وفد اور لبنانی قیادت کے درمیان امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور خطے کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
لبنانی وزیراعظم سعد حریری اور پالیمنٹ کے اسپیکر نے فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔