اسرائیلی فوج کی طرف سے کریک ڈائون کے دوران عام فلسطینی شہریوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی صحافیوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت اسرائیلی عقوبت خانوں میں تین خواتین صحافی کارکنوں سمیت مجموعی طور پر 18 صحافی پابند سلاسل ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسیران اسٹڈی سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینی صحافیوں کو جیلوں میں قید وبند میں ڈالنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
تین مئی کو عالمی آزادی صحافت کے موقع پر جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی صحافی اسرائیلی فوج کا آسان ہدف ہیں۔ صحافیوں کی گرفتاریوں کے ذریعےصہیونی ریاست انسانیت کے خلاف اپنے مکروہ جرائم کو چھپانے کی مجرمانہ کوشش کر رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال اسرائیلی فوج نے 165 فلسطینی صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو فوجی مراکز میں طلب کر کے انہیں ہراساں کرنے، خوف زدہ کرنے اور دبائو میں لانے کی مجرمانہ کوشش کی۔