اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ وادی اردن میں وسیع پیمانے پر جنگی مشقیں شروع کی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ مشقیں رواں سال کی فوجی مشقوں کے شیڈول کا حصہ ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وادی اردن میں جاری مشقوں کے باعث وہاں پر مقیم فلسطینی آبادی کو شدید مشکلات اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ مشقوں کے دوران کئی دیہات سے فلسطینیوں کو دن کے وقت میں نکال دیا جاتا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جنگی مشقوں کے دوران فضائیہ، بری فوج اور دیگر فوجی ادروں کے اہلکارحصہ لے رہے ہیں۔
وادی اردن میں جاری مشقیں سنہ 2019ء کے دوران ہونے والی مشقوں کا حصہ ہیں۔ چند روز قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان نے وادی اردن میں مشقوں کا اعلان کیا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وادی اردن میں مشقوں میں مختلف یونٹوں کے اہلکار شرکت کریں گے۔ ان مشقوں کا مقصد فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔