اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے مقبوضہ مغربی کنارے میں سرکردہ رہ نماء اور ممتاز عالم دین الشیخ الحاج حسین ابو حدید ابو اسنینہ گذشتہ روز انتقال کر گئے۔ ان کا شمار غرب اردن کے سرکردہ مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نماء الشیخ ابو اسنینہ کی عمر 70 سال تھی اور وہ کئی بار صہیونی ریاست کے زندانوں میں قید رہنے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوج کی جانب سے تشدد کا سامنا کرتے رہے۔ ان کے ایک سے زاید بیٹے جہاد فلسطین کے دوران صہیونی ریاست کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوچکے ہیں۔
ان کے بڑے بیٹے ایاد ابو حدید القسام بریگیڈ کے کمانڈر تھے اور انہوں نے وادی القاضی میں صہیونی فوج کے ساتھ مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ ان کےتین بیٹے باسم، وجیہ، محمد، عاصم، جلال اور معتصم صہیونی زندانوں میں بار بار قید رہ چکے ہیں۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کی طرف سے جاری ایک بیان میں الشیخ ابو حدید کی وفات پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔