قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 17 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ زیر حراست فلسطینی رہ نمائوں میں اسلامی جہاد کے رہ نما بھی شامل ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو غرب اردن اور القدس میں تلاشی کے دوران 16 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں اسرائیلی فوج کو سیکیورٹی فورسز اور یہودی آبادکاروں پر حملوں میں ملوث فلسطینی بھی شامل ہیں۔
غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں الخضر قصبے میں تلاشی کے دوران سابق اسیر عمر صلاح کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے علاوہ اسی شہر کے مشرق میں تقوع کےعلاقے میں کارروائی کے دوران دو نوجوانوں ناجی محمود اور مجاھد یوسف طقاطقہ کو گرفتار کیا گیا۔ بیت فجار سے سابق اسیر قصی خالد ابو سالم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
جنوبی شہر الخلیل سے دو نوجوانوں کوحراست میں لیاگیا۔ اذنا سے حسان زیاد عواد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
شمالی شہر سفلیت میں محمود بکر شقیر اور حمزہ یعقوب رداد کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔ ادھر غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں کفر نعمہ کے مقام پر چھاپے کے دوران اسلامی جہاد کے رہ نما 56 سالہ احمد محمد دار نصر کوگرفتار کیا گیا۔ شمالی شہر جنین سے تین فسلطینیوں حارث علی ابومعلا، معتز ابومعلا اور علاء کمیل کو گرفتار کیا گیا۔