فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے 17 فلسطینی شہریوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیل کی ’رامون‘ جیل میں قید اپنے پیاروں سے ملاقات کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اسیران اور ان کے اقارب کے درمیان ملاقات کا اہتمام انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ’ریڈ کراس‘ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
ریڈ کراس کی ترجمان سھیر زقوت نے بتایا غزہ کی پٹی کے 17 شہریوں جن میں 4 بچے شامل تھے نے اسرائیلی ’رامون‘ جیل میں قید 11 اسیران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے لیے غزہ کے شہری سرحدی گزرگاہ بیت حانون سے بسوں کے ذریعے راستے پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کی تعداد 6500 سے زاید ہے۔ ان میں سیکڑوں فلسطینی غزہ کی پٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسیران میں 48 خواتین اور 350 بچے ہیں جن کی عمریں 18 سال سے کم بتائی جاتی ہیں۔