فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی طرف سے زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ایک 16 سالہ فلسطینی لڑکے کی شہادت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے فلسطینی حکام کو بتایا گیا ہے کہ ایک سولہ سالہ فلسطینی لڑکا اسحاق عبدالمعطی سویلم اشتیوی جسے 3 اپریل کوغزہ کےعلاقے رفح میں سرحدی باڑ کے قریب سے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا دوران حراست دم توڑ گیا ہے۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تین اپریل کو قابض فوج نے رفح کے علاقے سے سرحدی باڑ کےقریب سے تین فلسطینی لڑکوں کو حراست میں لیا تھا۔ ان میں سے ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں گرفتار ہونے والوں میں سے ایک فلسطینی کی لڑکے کی شہادت کی خبر دی گئی تھی مگر اس کا نام ظاہرنہیں کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ءکے بعد اب تک 300 کے قریب فلسطینی شہری اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوچکے ہیں۔