اسرائیلی جیل حکام کی جانب سے مطالبات مسترد کئے جانے کے بعد فلسطینی قیدیوں کی تحریک کے رہنماوں اور دوسرے قیدیوں کی بھوک ہڑتال آج ساتویں روز میں جاری ہے۔ متعدد فلسطینی اسیران کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے جب کہ دسیوں مزید فلسطینیوں نے بھوک ہڑتال میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
سزا کی تکمیل کے بعد رہائی پانے والوں اور زیر حراست قیدیوں کے امور سے متعلق کمیشن نے کہا کہ اسرائیلی جیل حکام نے گذشتہ ہفتے بھوک ہڑتالی قیدیوں کو "النقب” اور "رامون” جیل سے دوسری جیلوں اور علاحدہ کوٹھڑیوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
قیدیوں کی بڑی تعداد نے جیل میں اپنے حقوق کے لیے اور تشدد کو روکنے کے لیے آج بھوک ہڑتال میں شرکت کی۔ اگر اسرائیلی جیل حکام نے قیدیوں کی تحریک کے مطالبات نہیں مانے تو 17 اپریل کو مزید قیدی بھوک ہڑتال میں شامل ہوں گے۔ اسیران نے "الکرامہ2” کے عنوان سے یہ تحریک ایک ہفتہ قبل شروع کی تھی جس میں اب تک 400 سے زاید فلسطینی شامل ہو چکے ہیں۔