ایرانی پارلیمنٹ نے امریکا کی طرف سے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور اس کا ذمہ دار ایران ہوگا۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین حشمت اللہ فلاح بیشہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاسداران انقلاب کو امریکا کی طرف سے دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر تہران خاموش تماشائی نہیں رہے گا بلکہ اس اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ امریکا کے تین عہدے داروں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ واشنگٹن ایرانی پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے گا۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب امریکا سرکاری طور پر کسی دوسرے ملک کی ایک ریاستی فورس کو دہشت گرد جماعت کا درجہ دے گا۔
مذکورہ عہدے داروں کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ اعلان پیر کے روز متوقع ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے امریکی پالیسی میں اس تبدیلی کا دفاع کرتے ہوئے اسے ایران کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے سخت موقف کا حصہ قرار دیا۔