اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک کارروائی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر اسرائیلی فوج پر پٹرول بموں سے حملوں کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
عبرانی ویب سائیٹ ‘0404’ کے مطابق اسرائیلی ملٹری پولیس نے جنوبی بیت لحم میں بیت فجار کے مقام سے فلسطینیوں کے ایک گروپ کو گرفتار کیا ہے۔ یہ فلسطینی شہر کے جنوب میں واقع ‘مجدال عو’ یہودی کالونی پر پٹرول بموں سے حملوں میں ملوث ہیں۔
عبرانی ویب سائیٹ کے مطابق فوج نے فلسطینی مزاحمتی سیل کے تمام افراد کو پکڑ لیا ہے۔ وہ پچھلے ماہ متعدد بار اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں پر حملے کرتے رہے ہیں۔ انہیں حراستی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔