قابض صہیونی فوج نے ‘ریمون’ جیل میں قید فلسطینیوں پر نئی پابندیاں عاید کرتے ہوئے ان کے حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ ‘ریمون’ جیل کے وارڈ 1 میں قید فلسطینیوں پرسختیوں اور پابندیوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ یہ پابندیاں دو روز قبل قیدیوںپر تشدد اور 40 کے زخمی کیے جانے کے بعد عاید کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ریمون جیل میں قیدیوں میں غم وغصے کی فضاء موجود ہے جو کسی بھی وقت آتش فشاں بن کر پھٹ سکتی ہے۔ صہیونی جیل انتظامیہ نے قیدیوں کو دی گئی رعاتیں ختم کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریمون جیل میں سیاسی بنیادوں پر حماس کے اسیران کو خصوصی طورپر انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے۔
اسی سیاق میں ذرائع نے بتایا کہ صہیونی جیل حکام نے تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے اسیر معاذ سعید بلال کو اس کے وکیل سے ملنے سے روک دیا ہے۔