اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے دورہ مصر میں صدر محمود عباس سے ملاقات شامل نہیں تھی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان طاھرنونو نے کہا کہ اسماعیل ھنیہ کے دورہ مصر کے دوران صدر عباس سے ملاقات کی کوئی تجویز زیرغور نہیں اور نہ ہی ایجنڈے میں ملاقات شامل کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر عباس اور اسماعیل ھنیہ کے درمیان ملاقات کے حوالے سے سامنے آنے والی تمام خبریں بے بنیاد اور من گھڑت افواہیں ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسماعیل ھنیہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ ملک میں پارلیمانی انتخابات اور قومی مصالحت کاعمل آگے بڑھانے کے لیے صدرعباس کے ساتھ ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
انہوںنے فلسطینی دھڑوں میں مصالحتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حماس فلسطینیوں میں مصالحت، نیشنل کونسل اور پارلیمنٹ کے انتخابات کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کرتی ہے۔
خیال رہے کہ اسماعیل ھنیہ نے دو ہفتے قبل مصر کے دارالحکومت قاہرہ کا دورہ کیا تھا۔