روس نے عارضی طورپر مُلک کو بین الاقوامی انٹرنیٹ سے منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی فرمیں مُلک کی تمام ویب ٹریفک کو حکومتی ٹیلی کام ادارے ‘روسکومنازور’ کے روٹنگ پوائنٹس پر ری ڈائریکٹ کردیں گی۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت بہت سے ممالک کی طرح روس میں بھی انٹرنیٹ ٹریفک کو عالمی سسٹمز کے تحت استعمال کیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں ڈیوائسز کو آن لائن کنکٹ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
روس کی جانب سے عارضی طور پرانٹرنیٹ کو منقطع کرنے کا تجربہ اگلے چند ہفتوں میں روبہ عمل ہوگا۔ اس دوران روس انٹرنیٹ کے لیے اپنے ڈومین نیم سسٹم (ڈی این ایس)، ویب ڈومین ڈائریکٹری اور ایڈریسز پرانحصارکرے گا۔
ممکنہ طور اس منصوبے پرعمل درآمد اپریل کو کیا جائے گا تاہم ابھی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔ یہ تجربہ روس کے ڈیجیٹل اکانومی نیشنل پروگرام کے تحت ہوگا
انٹرنیٹ ٹریفک حکومتی روٹنگ پوائنٹس کے ذریعے کنٹرول کرنے سے ماسکو کو ویب سنسرشپ سسٹم کی تشکیل دینے کا موقع بھی ملے گا۔اس سے قبل یہ تجربہ چین میں ہوا ہے۔
روس نے اس منصوبے پر اس وقت کام شروع کیا جب نیٹو نے ماسکو کے خلاف سالانہ سائبر وار گیمز کا عمل تیز کردیا۔