فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی طرف سے آج منگل کو گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 18 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق زیرحراست فلسطینیوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق قابض فوج نے غرب اردن اور القدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں ڈیڑھ درجن فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ قابض فوج نے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا، قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کے ساتھ نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
ادھر اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان کہا گیا ہے کہ غرب اردن سے 16 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں بعض مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار شامل ہیں۔ ان پرپُرتشدد مظاہروں میں حصہ لینے، اسرائیلی فوجیوں اور یہودی آبادکاروں کےلیے خطرہ بننے کا الزام ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔