فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں اور آزادی صحافت کی پرچارک تنظیموں نے صہیونی فوج پر فلسطینی مظاہروں کے وران صحافیوں کو ‘انسانی ڈھال’ بنائے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
فلسطین میں مرکز برائے آزادی صحافت وترقی ‘مدیٰ’ کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری 2019ء کے دوران صہیونی فوج نے آزادی صحافت اور ابلاغی حقوق کی 57 خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے جنوری کے دوران آزادی صحافت کی 36 خلاف ورزیاں کیں جب کہ فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں کی طرف سے اس طرح کے 21 واقعات رونما ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دسمبر 2018ء کی نسبت فلسطین میں آزادی صحافت کی خلاف ورزیوں کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گذشتہ برس دسمبر میں 47 واقعات رونما ہوئے تھے۔ جنوری کے دوران اسرائیلی فوج نے 15 صحافیوں کو فلسطینیوں کے مظاہروں کی کوریج کےدوران گولیاں مار کر زخمی کیا جب کہ دو الگ الگ واقعات میں 11 صحافیوں کو ‘انسانی ڈھال’ بنایا گیا۔