ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک مجرم ریاست ہے اور اس کے صہیونی باشندوں کا ملائیشیا میں استقبال نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی اراضی پر اسرائیل کی یہودی بستیوں کی تعمیر ناقابل قبول اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ فلسطین میں یہودی بستیوں کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔
ویانا میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے آنے والوں کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔ اسرائیلی مجرم ریاست کے باشندے ہیں جن کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملایئشیاکی حکومت نے رواں سال کولالمپور میں ہونے والے پیراکی کے بین الاقوامی مقابلے میں اسرائیلی پیراکوں کو شرکت کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
مسلمان اکثریتی ملک ملائیشیا کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں۔
گذشتہ ہفتے ملائیشیا کے وزیرخارجہ صفی الدین عبداللہ نے کہا تھا کہ ان کا ملک اسرائیلی کھلاڑیوں کو ملائیشیا کی سرزمین پر قدم رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔