اسرائیلی وزیر اعظم بنجن نیتن یاھو نے کرپشن الزامات میں اپنے موقف کا ڈھٹائی کے ساتھ دفاع کیا ہے اور کہا ہے کہ کرپشن اور رشوت خوری کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیتن یاھو نے گذشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتےہوئے کہا کہ میرے خلاف عدالتوں میں بدعنوانی اور رشوت کے جتنے بھی الزامات اور مقدمات قائم کیے گئے ہیں وہ سب بےبنیاد اور لا یعنی ہیں۔ وہ پولیس اور عدالتوں کے سامنے ان مقدمات کا بھرپور دفاع کریں گے۔
ایک صحافی کے سوال کے جواب میں نیتن یاھو نے کہا کہ میں تمام عینی شاہدین کے سامنے اپنے خلاف جاری تحقیقات میں پیش ہونا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو منصفانہ ٹرائل کا حق دینا چاہیے۔ میں اپنے خلاف تمام عینی شاہدین کے دعووں کو رد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں۔
نیتن یاھو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی میڈیا میں اگر کسی وزیراعظم کی اس قدر توہین کی گئی تو وہ میں ہوں۔ خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کئی مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔ ان کے خلاف عدالتوں میں کرپشن اور دیگر الزامات کے تحت مقدمات جاری ہیں۔